پتنگ بازی کیخلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، خفیہ فیکٹری سیل
ملزم نسیم حسین کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع جھنگ میں پتنگ بازی کے خطرناک اور خونی کھیل کے خلاف پولیس کی مؤثر اور ہمہ گیر کارروائی جاری ہے ۔ تھانہ سٹی پولیس نے حال ہی میں ایک خفیہ پتنگ ساز فیکٹری پر چھاپہ مار کر ہزاروں پتنگیں، ڈوریں اور دیگر ممنوعہ ساز و سامان برآمد کر لیا۔کارروائی کے دوران ملزم نسیم حسین کو موقع سے گرفتار کر کے اس کے خلاف تھانہ سٹی میں باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کی یہ بروقت کارروائی نہ صرف ممنوعہ سامان کی سپلائی لائن منقطع کرنے میں اہم قدم ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی جانب بھی ایک بڑی پیش رفت ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے کہا کہ ضلع بھر میں پتنگ بازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جا رہی ہے اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دیگر کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خود اس خطرناک سرگرمی سے اجتناب کریں اور اپنے بچوں و نوجوانوں کو بھی اس کھیل سے دور رکھیں تاکہ انسانی جانیں ضائع ہونے سے محفوظ رہ سکیں۔