جھنگ پولیس کا کریک ڈاؤن، 11 ہزار سے زائد پتنگیں برآمد
کارروائی کے دوران دیگر ساز و سامان اور خام مال بھی تحویل میں لے لیا گیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع جھنگ میں پولیس کی جانب سے پتنگ فروشی اور پتنگ بازی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں سی آئی اے سٹاف نے خفیہ اطلاع پر ایک پتنگ ساز فیکٹری پر چھاپہ مار کر 11 ہزار سے زائد پتنگیں برآمد کر لیں۔ کارروائی کے دوران پتنگ سازی میں استعمال ہونے والا دیگر ساز و سامان اور خام مال بھی پولیس نے تحویل میں لے لیا۔اس موقع پر ملزم محمد عامر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے تھانہ کوتوالی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین نے کہا کہ انسانی جانوں کے لیے خطرناک اس غیر قانونی سرگرمی کو فروغ دینے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، کیونکہ پتنگ بازی نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی شدید خطرات پیدا کرتی ہے ۔ڈی پی او نے واضح کیا کہ جھنگ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور پتنگ فروشی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔