چناب نگر:موٹر سائیکل رکشوں کی بہتات ، شہری مشکلات کا شکار
چناب نگر:موٹر سائیکل رکشوں کی بہتات ، شہری مشکلات کا شکار نان کوالیفائیڈ ڈرائیورز کی موجودگی سے ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو رہی
چناب نگر (نامہ نگار )شہر میں موٹر سائیکل رکشوں کی غیر قانونی بہتات اور کم عمر ڈرائیوروں کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مین روڈز، کالج روڈ، مین بازار روڈ، سرگودہا روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر غیر قانونی رکشہ سٹینڈ اور نان کوالیفائیڈ ڈرائیورز کی موجودگی سے ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے ۔ کم عمر رکشہ ڈرائیور سواریاں بٹھا کر ایک دوسرے کے ساتھ ریسیں لگاتے ہیں، جس سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ ڈرائیور اونچی آواز والے گانے بجاتے اور پریشر ہارن استعمال کر کے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈی سی چنیوٹ، ڈی پی او چنیوٹ، ڈی ایس پی ٹریفک اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور شہریوں کی آمدورفت کو محفوظ بنانے کے اقدامات کریں۔