شورکوٹ:پرائس کنٹرول اقدامات، دکانداروں کو جرمانے
شورکوٹ:پرائس کنٹرول اقدامات، دکانداروں کو جرمانے پیرا فورس کے افسروں نے بھی فیلڈ میں جا کر ریٹ لسٹوں کی پڑتال کی
شورکوٹ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ میڈم صدف اکبر کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی اور کنٹرول کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی کہ وہ فوری طور پر فیلڈ میں جا کر دوکانداروں، بیکرز، سبزی فروشوں، گیس ری فلنگ پوائنٹس اور منی پیٹرول ایجنسیز کی کڑی نگرانی کریں اور خلاف ورزی کی صورت میں موقع پر جرمانے عائد کریں۔پیرا فورس کے افسروں نے بھی فیلڈ میں فعال کردار ادا کیا اور مختلف بازاروں و مارکیٹوں کا دورہ کرتے ہوئے ریٹ لسٹوں کی جانچ پڑتال کی، تاکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔ گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانداروں کو وارننگز اور جرمانے بھی عائد کیے گئے ۔اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی من مانی قیمتیں وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔