جڑانوالہ:مفت سرکاری کتب کی مبینہ فروخت، انکوائری کا مطالبہ

جڑانوالہ:مفت سرکاری کتب کی مبینہ فروخت، انکوائری کا مطالبہ

اتنی بڑی تعداد میں غیر استعمال شدہ کتابیں مارکیٹ تک کیسے پہنچیں:شہری

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری سکولوں میں مفت فراہم کی جانے والی کتب کے مبینہ طور پر مارکیٹ میں کھلے عام فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، جس پر عوامی و سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔محکمہ تعلیم کے ویژن کے تحت شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے دعووں کے باوجود مبینہ طور پر سرکاری سکولوں کو دی جانے والی مفت کتابیں دکانوں میں فروخت کی جا رہی ہیں، جہاں دکاندار ان کی قیمت بھی وصول کر رہے ہیں، جیسے وہ پرائیویٹ کتب ہوں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ امر قابل غور ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں نئی اور غیر استعمال شدہ کتابیں مارکیٹ تک کیسے پہنچیں، جس سے محکمہ تعلیم کے نظام پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں