صحت کا نظام بحران کا شکار، اتائیت کی وجہ سے بیماریوں کا خدشہ
بنیادی مراکز صحت کو مریم نواز کلینک میں تبدیل کرنے کا منصوبہ چیلنج بن گیا
سرگودھا (نعیم فیصل سے )چیک اینڈ بیلنس کے فقدان، سب اچھا کی روش اور بڑھتی ہوئی بے ضابطگیوں نے سرگودھا میں صحت کے شعبہ کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے ۔ بنیادی مراکز صحت کو مریم نواز کلینک میں تبدیل کر کے آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ جہاں ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے ، وہیں یہ کلینکس اتائیت کے گڑھ بنتے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع کے 145 سے زائد بنیادی مراکز صحت کو گزشتہ سال آؤٹ سورس کر کے انہیں مریم نواز کلینک کا درجہ دیا گیا تھا۔ اس کے بعد پرائیویٹ انتظامیہ نے زیادہ تر ہسپتالوں سے کوالیفائیڈ سٹاف کو فارغ کر کے 25 سے 30 ہزار روپے ماہانہ پر ناتجربہ کار اور ٹرینی سٹاف بھرتی کر لیا، جس کے باعث اتائیت کو فروغ مل رہا ہے۔
پالیسی کے مطابق مریم نواز کلینکس میں ادویات خود خرید کر مریضوں کو مفت فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم انکشاف ہوا ہے کہ سو سے زائد ہسپتالوں میں انتظامیہ نے بعض ڈسٹری بیوٹرز سے مل کر انتہائی سستے داموں ادویات اور آلات خریدے اور ان کے کئی گنا زائد بل بنا کر ریکارڈ میں شامل کیے جا رہے ہیں۔تشویش ناک امر یہ ہے کہ ناقص اور غیر معیاری ادویات کے استعمال سے نہ صرف اموات کی شرح بڑھ رہی ہے بلکہ نئی بیماریوں کے پھیلاؤ کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ بعض مراکز پر مریضوں کو ادویات دینے کے بجائے باہر سے دوائیں لینے کے لیے پرچیاں دے دی جاتی ہیں۔
مزید یہ کہ حکومت کی ہدایت کے باوجود کلینکس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے بجائے زیادہ تر انتظامیہ نے صرف جنرل شفٹ میں عملہ تعینات کیا ہے ، جبکہ دوسری اور تیسری شفٹ میں فرضی ریکارڈ کے ذریعے صرف کاغذی بھرتیاں دکھائی جا رہی ہیں۔ شام کے بعد کئی مراکز پر صرف ایک یا دو افراد ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال حکومتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی اور دیہی علاقوں میں صحت کے نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے ، جبکہ آؤٹ سورسنگ کا تجربہ بھی بری طرح ناکام ہوتا نظر آ رہا ہے ۔دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا موقف ہے کہ انہیں محدود اور فکس فنڈز دئیے جاتے ہیں، جن میں سٹاف کی تنخواہیں، ادویات کی خریداری اور ہسپتالوں کی مرمت شامل ہوتی ہے ، جس کے باعث وہ مشکلات کا شکار ہیں۔اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے اور اس سنگین صورتحال پر مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔