پینسرہ میں تباہ حال سڑک، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا
عباس پور اناسی روڈ سے چک 78 ج ب کو ملانے والی شاہراہ پر کہرے گڑھے
پینسرہ (نمائندہ دنیا )یونین کونسل نمبر 163 چک نمبر 78 ج ب جودی کی مرکزی سڑک طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے ، جس کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ عباس پور اناسی روڈ سے چک 78 ج ب کو ملانے والی شاہراہ بارش کے پانی سے زیر آب ہے اور اس پر گہرے گڑھے بن چکے ہیں، جس سے آمد و رفت مشکل ہو گئی ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق یہ سڑک طلبہ، مزدوروں، مریضوں اور زرعی ٹرانسپورٹ کے لیے انتہائی اہم ہے ، مگر اس کی مرمت نہ ہونے کے باعث لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ عوام نے منتخب نمائندوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے فوری طور پر سڑک کی مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مسائل حل نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کرنے اور سیاسی محاذ کھڑا کرنے پر مجبور ہوں گے ۔