اینٹی ویمن ہراسمنٹ سیل چنیوٹ ، 135 درخواستوں پر کارروائی
تعلیمی اداروں اور پبلک مقامات پر آگاہی سیمینارز اور واکس کا انعقاد بھی کیا گیا
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خواتین پر تشدد اور ہراسگی کی روک تھام کے لیے اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل چنیوٹ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔سیل خواتین کے تحفظ، چائلڈ ابیوز اور جنسی ہراسگی کی روک تھام کے لیے فعال طور پر خدمات انجام دے رہا ہے ۔ رواں سال 2026 میں اینٹی ویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلنس سیل کو 135 درخواستیں موصول ہوئیں، جن پر فوری کارروائی کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق گھریلو لڑائی جھگڑوں سے متعلق 70 درخواستوں پر میاں بیوی کے درمیان صلح کروا کر طلاق سے بچایا گیا۔ اس کے علاوہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ہراسمنٹ، لین دین اور دیگر معاملات سے متعلق 50 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔خواتین میں احساس تحفظ اجاگر کرنے کے لیے مختلف تعلیمی اداروں اور پبلک مقامات پر آگاہی سیمینارز اور واکس کا انعقاد بھی کیا گیا۔