دیہی علاقوں میں کھلے جوہڑوں کے اطراف حفاظتی اقدامات
ممکنہ حادثات روکنے کیلئے ابتک 25 جوہڑوں کو کارڈن آف کیا جا چکا :باسط کھچی
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چنیوٹ باسط کھچی کی سربراہی میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے مؤثر اور بروقت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں کھلے جوہڑوں کے اطراف حفاظتی نقطہ نظر کے تحت باقاعدہ کارڈن آف کیا جا رہا ہے مختلف دیہات میں ممکنہ حادثات کی روک تھام کیلئے اب تک 25 سے زائد جوہڑوں کو باقاعدہ کارڈن آف کیا جا چکا ہے ان اقدامات کا مقصد انسانی جانوں کا تحفظ اور عوام کو محفوظ ماحول کی فراہمی ہے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ باسط کھچی نے کہا ہے کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور بچوں کو کھلے جوہڑوں کے قریب جانے سے سختی سے روکیں۔ معمولی غفلت بھی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے ، لہٰذا والدین بچوں کی کڑی نگرانی یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔