نیپا فلائی اوور بیٹھ گیا، ترقیاتی منصوبوں کی ناقص منصوبہ بندی سے شہریوں کی زندگی کو خطرات

نیپا فلائی اوور بیٹھ گیا، ترقیاتی منصوبوں کی ناقص منصوبہ بندی سے شہریوں کی زندگی کو خطرات

کے فور منصوبے میں پائپ لائن بچھانے کے لیے بھاری مشینری سے کھدائی اور دن رات کام کے باعث پل کی بنیادیں متاثر ہوئیں،ریڈ لائن منصوبہ گلے کی ہڈی بن گیا،شہریوں کاسخت ردعمل

کراچی (این این آئی)کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی ناقص منصوبہ بندی نے شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی، یونیورسٹی روڈ پر جاری کے فور منصوبے کے لیے پائپ لائن بچھانے کے دوران نیپا فلائی اوور کو شدید نقصان پہنچا ہے ، جس کے باعث پل کا ایک بڑا حصہ بیٹھ گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا نیپا سے حسن اسکوائر جانے والے ٹریک پر ریڈ لائن بی آر ٹی اور کے فور منصوبے کے لیے ہونے والی بھاری مشینری کی کھدائی اور دن رات کام کے باعث پل کی بنیادیں متاثر ہوئیں، فلائی اوور کا ایک حصہ 6سے 7 فٹ تک نیچے دھنس گیا ہے جس سے سڑک پر گہرا گڑھا پڑ گیا ہے ۔تاہم کسی بڑے حادثے کے پیشِ نظر انتظامیہ نے متاثرہ حصے کو رکاوٹیں لگا کر ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

متاثرہ مقام پر موجود شہریوں نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ریڈ لائن منصوبہ اب وہ ہڈی بن چکا ہے جو نہ نگلی جا رہی ہے نہ اگلی جا رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے نام پر انسانی جانوں کو داؤ پر لگانا کسی صورت مناسب نہیں، اگر حکومت کے پاس پل کی فوری مرمت کے پیسے نہیں تو کم از کم حادثات سے بچنے کے لیے یہاں روشنی کا ہی انتظام کر دیا جائے ۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر کے فور منصوبے کے تحت 2.7 کلومیٹر طویل پانی کی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔ تاہم فلائی اوور کی ساخت کو پہنچنے والے نقصان اور اس کی مرمت کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی ٹائم لائن نہیں دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں