چناب نگر میں مہنگائی کا طوفان، غریب عوام مشکلات کا شکار
چناب نگر میں مہنگائی کا طوفان، غریب عوام مشکلات کا شکار عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے :مکین
چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر اور گردونواح میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے ، شہریوں نے حکومت سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے جس کے باعث عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود دیگر اشیاء کی قیمتیں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ رہی ہیں، جبکہ ممکنہ طور پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ بھی عوام پر مزید بوجھ ڈالے گا۔شہریوں نے کہا ہے کہ مہنگائی کے باعث غریب طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے اور چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر فوری قابو پایا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔