لائل پور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول شروع ، فن و ادب کی اہمیت اجاگر

 لائل پور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول شروع ، فن و ادب کی اہمیت اجاگر

آرٹ و ادب ذہنی نشوونما اور سماجی ہم آہنگی کیلئے ناگزیر:وی سیزرعی یونیورسٹی قرات و نعت، پارلیمانی چیمپئن شپ، ورثہ میوزک فیسٹ ، ایلومنائی مشاعرہ ہوئے

فیصل آباد (نیوز رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ آرٹ اور ادب انسانی سوچ کو تخلیقی زاویوں سے رعنائیاں فراہم کرتے ہوئے ذہنی نشوونما، سماجی ہم آہنگی اور تاریخی ورثے کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 11ویں لائل پور آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینئر ٹیوٹر آفس کے زیر اہتمام منعقدہ اس چار روزہ میلے میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے طلبہ، محققین اور فنکار شرکت کر رہے ہیں۔ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ آرٹ اور ادب دنیا کو خوبصورتی بخشتے ہیں اور زندگی کی حقیقتوں کو احسن انداز میں پیش کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ فن اور ادب انسانی تہذیب کی دھڑکن ہیں، جو محض تفریح نہیں بلکہ ہمدردی کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں اور انسان کو دوسروں کے تجربات اور جدوجہد کو سمجھنے کے قابل بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور فکری ترقی کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے ۔دریں اثنا گزشتہ روز قرات و نعت، پارلیمانی چیمپئن شپ، ورثہ میوزک فیسٹ، سخن 26 اور ایلومنائی مشاعرہ منعقد کیے گئے ، جبکہ آج ٹرانسفارمنگ پاکستان سمٹ، تقریری مقابلے ، پنجابی ٹاکرا، بزنس آئیڈیاز اور نیشنل فری لانسنگ چیمپئن شپ منعقد ہوں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں