الائیڈ ہسپتال کی اہم سڑک کی تعمیرتاخیرکا شکار
شہری و عملہ مشکلات کا شکار،تعمیرجلدمکمل کرلی جائے گی :ایم ایس ڈاکٹر فہیم یوسف
فیصل آباد (عاطف صدیق کاہلوں) الائیڈ ہسپتال میں ایمرجنسی، بچہ وارڈ، ڈے کیئر اور دیگر اہم عمارتوں سے ملحقہ سڑک کی تعمیر متعلقہ محکمے کی مبینہ عدم توجہ کے باعث مہینوں سے التوا کا شکار ہے ۔ سڑک سے اٹھنے والا گرد و غبار ملحقہ وارڈز میں داخل ہو کر زیر علاج بچوں اور ڈے کیئر میں موجود بچوں کی صحت کے لیے خطرہ بن رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق میڈیکل ایمرجنسی کے قریب سے شروع ہونے والی تقریباً 400 میٹر طویل یہ سڑک بچہ وارڈ، نیورولوجی وارڈ، ڈے کیئر سینٹر، لیڈی ڈاکٹرز ہاسٹل اور نرسنگ ہاسٹل تک رسائی فراہم کرتی ہے ۔ اس کے علاوہ قریبی سرکاری ہاسٹلز میں رہائش پذیر خواتین ڈاکٹرز اور نرسز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔اس حوالے سے ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فہیم یوسف نے کہاکہ سڑک کی تعمیر کا بنیادی کام مکمل ہو چکا ہے ،
تعمیر جلد مکمل کر لی جائے گی۔سڑک کی خستہ حالی کے باعث ہسپتال انتظامیہ نے ایک سال قبل دیگر ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ اس کی تعمیر کے لیے بھی لاکھوں روپے کے فنڈز مختص کیے تھے ، تاہم بنیادی تعمیر کے بعد تاحال کام مکمل نہیں کیا جا سکا۔شہریوں کے مطابق گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمد و رفت سے فضا میں گرد و غبار پھیل جاتا ہے ، جس کے باعث خصوصاً بچوں کو ڈسٹ الرجی اور دیگر صحت کے مسائل کا سامنا ہے ، جبکہ نیورولوجی وارڈ کے مریض بھی متاثر ہو رہے ہیں۔