نیو اسلام پورہ ، سڑک کی خستہ حالی، شہریوں کو مشکلات
گندے پانی سے حادثات اور تعفن میں اضافہ، تعمیر و مرمت کا مطالبہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )محلہ نیو اسلام پورہ میں مسجد شیر ربانی کے سامنے واقع سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔سڑک نشیبی ہونے کی وجہ سے معمولی بارش یا گھروں سے نکلنے والے پانی کے اخراج پر یہ سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہے ۔ جگہ جگہ گہرے گڑھے بن چکے ہیں جبکہ کھڑا پانی شہریوں کے لیے مستقل پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق سڑک کی خستہ حالی کے باعث پیدل چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے ، جبکہ موٹر سائیکل سوار آئے روز حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔ بزرگ افراد، خواتین، طلبہ اور اسکول جانے والے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔بارش کے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ، گندا پانی گھروں کے سامنے جمع ہونے سے تعفن اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ اداروں اور منتخب عوامی نمائندوں کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کروائی جا چکی ہے ، تاہم تاحال سڑک کی تعمیر و مرمت اور نکاسی آب کے مستقل حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔اہل علاقہ کے مطابق رات کے وقت گڑھوں میں پانی جمع ہونے کے باعث حادثات کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے ، جبکہ ایمبولینس، رکشہ اور دیگر گاڑیوں کی آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ حکام اور منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کا فوری نوٹس لیں ۔