جھنگ:بس الٹ گئی، خواتین ، بچوں سمیت 20 زخمی
موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے بس بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )جھنگ بائی پاس کے قریب ملتان سے جھنگ آنے والی ایک مسافر بس موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے اتر کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 6 خواتین اور 2 بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہو گئے ۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ملتان سے جھنگ آنے والی مسافر بس جھنگ بائی پاس کے قریب ایک موٹر سائیکل کو بچانے کی کوشش میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور سڑک سے نیچے جا کر الٹ گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے فوری طور پر قریبی ایمبولینسز اور موٹر بائیک سروس کو جائے حادثہ پر روانہ کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ریسکیو ٹیموں نے 15 زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی، جبکہ 5 زخمیوں کو مزید علاج معالجے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمی ہونے والوں میں ریاض حسین، محمد توحید ، احمد ، رضیہ بی بی ، ابوبکر، مصباح ، فرزانہ ، امینہ بی بی ، لال، اللہ دتہ، عامر، ظفر ، شہروز ، واجد، آصف، سونیا بی بی، آصفہ، محمد توصیف، عائشہ اور فاطمہ شامل ہیں۔