محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کیلئے رضاکاروں کی تربیت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف احمد کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے رضاکاروں (وولینٹیئرز) کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے ۔
اس سلسلے میں بھوانہ سرکل کے رضاکاروں کے لیے پولیس لائن چنیوٹ میں خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ میں ایلیٹ فورس کے انسٹرکٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے رضاکاروں کو محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات سے متعلق ایس او پیز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف احمد نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں رضاکاروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اس نوعیت کی تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ محرم الحرام کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ضلع بھر میں امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائیگا۔