کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات پر سختی سے عمل کرایا جائیگا
خلاف ورزی پرکاروباری مرکز کو سیل،جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا،اے سی بھیرہ
بھیرہ (نامہ نگار ) اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ نمرہ اویس نے کہا ہے کہ گرمیوں میں دن کے دورانیے میں اضافے اور درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا وقت رات 8 بجے کے بجائے رات 9 بجے مقرر کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ دکان یا کاروباری مرکز کو سیل کرنے کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نئے اوقات کار کی پابندی کے لئے پیرا فورس کے انسپکٹر رانا تنزیل الرحمن کی قیادت میں ٹیم کو متحرک کر دیا گیا ہے نوٹیفکیشن کے مطابق دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، بازار، ڈپارٹمنٹل اسٹورز، گروسری اور کریانہ اسٹورز رات 9 بجے بند ہوں گے ، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے ۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق ریسٹورنٹس، کیفے ، سینما گھر، فوڈ آؤٹ لیٹس اور پھل و سبزی کی الگ دکانیں رات 11 بجے تک کھلی رہیں گی، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز پر یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ فارمیسیاں، میڈیکل و سرجیکل سپلائی اسٹورز، میڈیکل لیبارٹریاں، کلینکس، ہسپتال، بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز، جم اور دیگر اسپورٹس سہولیات، پیڈل کورٹس، آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز ان اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے ۔نمرہ اویس نے تاجروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں بھی جاری رہیں ۔اور عوامی سہولت بھی برقرار رہے