بجٹ سے قبل اشیائے ضروریہ،سگریٹ کی قیمتوں میں اضافہ
پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی خاموشی پر شہریوں میں تشویش، کارروائی کا مطالبہ
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)شہر اور گردونواح میں وفاقی بجٹ کی آمد سے قبل ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔عوامی ذرائع اور مقامی شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہر کے بازاروں اور کریانہ اسٹورز پر منافع خوروں نے بجٹ کو جواز بنا کر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے ۔شہریوں نے بتایا کہ دال، گھی اور چینی جیسی بنیادی اشیاء کے علاوہ سگریٹ کی قیمتوں میں بھی راتوں رات 20 سے 50 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے ، جبکہ بعض مقامات پر مصنوعی قلت پیدا کر کے اشیاء کو بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور ضلعی انتظامیہ مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جس کے باعث گراں فروشوں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔سماجی حلقوں اور متاثرہ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ذخیرہ اندوزوں و گراں فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مہنگائی کے اس بڑھتے ہوئے طوفان پر فوری قابو پایا جائے ۔