جڑانوالہ :شیڈ گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، دو زخمی
مرمتی کام کے دوران گارڈر پھسلنے سے چھت منہدم، ریسکیو آپریشن مکمل
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )امانت ٹاؤن بازار نمبر 2، ایجوکیٹر سکول جھنگ روڈ کھرڑیانوالہ کے قریب جانوروں کے لیے زیر تعمیر شیڈ گرنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ۔زیر تعمیر شیڈ کی چھت پر مرمتی کام جاری تھا کہ اچانک ایک گارڈر پھسل گیا، جس کے نتیجے میں پوری چھت منہدم ہو گئی اور وہاں کام کرنے والے مزدور ملبے تلے دب گئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور تمام متاثرہ افراد کو ملبے سے نکال لیا۔حادثے میں 50 سالہ شہباز ولد شیر محمد، سکنہ چک نمبر 92 ر۔ب جمشیر مٹی اور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ 42 سالہ محمد اقبال ولد بشیر احمد، سکنہ 194 ر۔ب لاٹھیانوالہ اور 27 سالہ سلطان ولد محمد رمضان، سکنہ 95 ر۔ب دسانج شدید زخمی ہو گئے ۔زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔