بجٹ میں عوامی ریلیف اور ٹیکس نیٹ کی توسیع خوش آئند:تاجر رہنما
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاں ظفر رشید اور جنرل سیکرٹری شاہد اسلم گریوال نے آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے سے متعلق وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے معروف صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات سے آئندہ بجٹ کے حوالے سے مشاورت ایک مثبت اقدام ہے ، جس سے کاروباری برادری کی آراء کو پالیسی سازی میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں نے کہا کہ تاجر برادری ٹیکس نیٹ کی توسیع کی حامی ہے ، تاہم اس عمل میں پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے تاجروں اور صنعتکاروں پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے نئے شعبوں کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ محصولات میں اضافہ بھی ہو اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ بھی ملے ۔