نیو سبز منڈی کے قریب ڈکیتی، دو بھائیوں کو لوٹ لیا گیا
ڈاکوئوں نے سہیل اور داؤد کو مزاحمت کرنے پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا
پینسرہ (نمائندہ دنیا )تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے نیو سبز منڈی کے قریب ڈکیتی کی واردات میں چار نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے دو بھائیوں کو لوٹ لیا۔متاثرین کے مطابق وہ خریداری کی غرض سے منڈی جا رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے انہیں روک لیا۔ متاثرہ شہریوں سہیل اور داؤد نے بتایا کہ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ان سے تین موبائل فون اور 90 ہزار روپے نقدی چھین لی۔متاثرین کے مطابق مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور واردات کے بعد فرار ہو گئے ۔ دونوں بھائیوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے انہیں برہنہ کرکے بھی تشدد کیا۔متاثرین کا کہنا ہے کہ واردات کے مقام سے چند میٹر کے فاصلے پر ایک پولیس اہلکار موجود تھا، تاہم ان کے بقول وہ ایک نجی حویلی میں موجود تھا، جس کے باعث ملزمان باآسانی واردات کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔شہریوں نے پولیس گشت کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر گشت کا نظام مؤثر ہوتا تو ممکنہ طور پر واردات کو روکا جا سکتا تھا۔متاثرین نے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد سے واقعے کا فوری نوٹس لینے ، ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔