چنیوٹ :انٹرمیڈیٹ امتحان شفافیت کیلئے انتظامیہ سرگرم
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ چنیوٹ سرگرم ہے ۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے امتحانی مرکز گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چنیوٹ کا دورہ کیا، جہاں آر آئی، سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے پرچہ کے بروقت آغاز کی تصدیق کی اور کمرہ امتحان میں لائٹنگ، پینے کے پانی کی دستیابی اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ اور پرنسپل ادارہ کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔امتحانی مرکز میں پولیس کی ڈیوٹیاں اور دفعہ 144 کے نفاذ پر عملدرآمد کو بھی چیک کیا گیا۔ واضح کیا گیا کہ امتحانی عملے کو موبائل فون ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ ضلع بھر میں تمام افسران امتحانی مراکز کی انسپکشن کر رہے ہیں اور امتحانات کے شفاف انعقاد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔