متوفیہ کو زہر دے کر قتل کا دعویٰ، پولیس پر ساز باز کا الزام
مافیہ بی بی کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی عدالت سے رجوع
گڑھ مہاراجہ (نمائندہ دنیا ) گڑھ مہاراجہ کے نواحی علاقے شریف آباد میں گزشتہ دنوں ظاہراً وفات پانے والی مافیہ بی بی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے ، جس پر مقامی شہری نے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی عدالت سے رجوع کر لیا ہے ۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی درخواست ارسال کی گئی ہے ۔شریف آباد کے رہائشی محمد الیاس کی جانب سے دائر درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ علاقے کے رہائشی ملازم حسین، محمد سعید، غلام صفدر، محمد ریاض، دو نامعلوم مرد اور دو نامعلوم خواتین نے مافیہ بی بی کو بلال نامی شخص کے ساتھ شادی سے انکار پر مبینہ طور پر زہر دینے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بعد ازاں واقعے کو طبعی موت ظاہر کر کے تدفین کر دی گئی، جبکہ مقامی پولیس پر بھی مبینہ طور پر ملز موں سے ساز باز کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔شہری محمد الیاس نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ خاندان اس سے قبل بھی ایک بچی سمیت دو خواتین کی اموات کے واقعات میں ملوث رہا ہے ، جنہیں مبینہ طور پر طبعی موت قرار دے کر دفنایا جاتا رہا ہے ۔درخواست میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مافیہ بی بی کی فاتحہ خوانی کے دوران ملزمان کے رویے اور گفتگو سے شک پیدا ہوا، جس کے بعد مزید پوچھ گچھ پر مبینہ قتل کا انکشاف ہوا۔واقعے کے بعد اہل علاقہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور شہری محمد الیاس سمیت اہل دیہہ نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر نوٹس لیں۔