محرم الحرام :جھنگ پولیس کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل
والنٹیئرز کی خصوصی تربیت، امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے :ڈی پی او جھنگ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )محرم الحرام کے پُرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے جھنگ پولیس کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کے احکامات پر ضلع بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے والنٹیئرز کی عملی تربیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ایلیٹ فورس کے ماہر انسٹرکٹرز مختلف مقامات پر والنٹیئرز کو شرکاء کی تلاشی، مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی، ہجوم کے نظم و ضبط اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے خصوصی تربیتی مشقیں کروا رہے ہیں، تاکہ جلوسوں اور مجالس کے دوران سکیورٹی حصار کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جھنگ پولیس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، جامع مانیٹرنگ اور مؤثر سکیورٹی اقدامات پر عمل پیرا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ والنٹیئرز پولیس کے شانہ بشانہ فرائض انجام دیتے ہوئے عزاداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔