لاپتہ خواتین کی بازیابی ،کوششیں تیز کرنے کا حکم
جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے :ڈی پی او اخلاق تارڑ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ نے ضلع بھر میں لاپتہ اور اغواء شدہ خواتین کی جلد از جلد اور باحفاظت بازیابی کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلی جنس اور دیگر قانونی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ ہدایت ضلع بھر کے ایس ایچ اوز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن فضل عباس، سرکل افسران اور ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوام کو بروقت اور معیاری پولیس سروسز فراہم کی جائیں۔انہوں نے زیرِ تفتیش مقدمات اور چالان شدہ کیسز کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق مکمل کی جائے اور زیر التواء مقدمات کو جلد از جلد نمٹایا جائے ۔