ماموں کانجن :مسائل حل نہ ہونے پر شہریوں میں تشویش
سروے کے دوران سیاسی و سماجی حلقوں کا ترقیاتی کاموں میں تاخیر پر اظہارِ برہمی
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا )شہر کے سیاسی، مذہبی، سماجی اور کاروباری حلقوں نے ‘‘دنیا سروے ’’ میں اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ بلند بانگ نعروں اور بڑے دعوؤں کے باوجود عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے والے عوامی نمائندوں نے مسائل کے حل کے بجائے صرف اپنے ذاتی مفادات کے تحفظ کو ترجیح دی ہے ۔مقامی حلقوں کے مطابق علاقوں میں تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کو اجاگر تو کیا جاتا ہے ، تاہم عملی طور پر ان کے حل کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے ، جس کے باعث عوام میں بداعتمادی اور احساس محرومی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔عوام کا کہنا ہے کہ ووٹ دینے کے بعد یہ حق بھی بنتا ہے کہ ان کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں، لیکن ماموں کانجن میں ترقی کی رفتار کے بجائے پسماندگی کا گراف بڑھتا جا رہا ہے اور مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں کے مطابق ماموں کانجن میں سڑکوں، سیوریج، اسٹریٹ لائٹس اور نالیوں کی حالت انتہائی خراب ہے ، جس کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی حلقوں نے کہا کہ اگر عوامی نمائندے عوامی مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کریں تو آئندہ انتخابات میں عوام کا اعتماد حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ سبز باغ دکھانے اور محض وعدوں کے ذریعے گمراہ کرنے والوں کو آئندہ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں گے ۔