جھنگ :پراپرٹی فراڈ کیس،محکمہ مال کے اہلکار گرفتار
یاسر،رانا مرتضیٰ، شوکت ساہمل اور ملک عبداللہ گرداور سے تفتیش اہم دستاویزات اور سرکاری ریکارڈ کی چھان بین بھی کی جا رہی ہے
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )کروڑوں روپے مالیت کے مبینہ پراپرٹی فراڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، جس کے بعد محکمہ مال کے متعدد اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ مال سے تعلق رکھنے والے یاسر (ایچ آر سی)، رانا مرتضیٰ، شوکت ساہمل (سابق تحصیلدار جھنگ) اور ملک عبداللہ گرداور کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متنازع جائیداد اور سرکاری ریکارڈ میں مبینہ ردوبدل کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے کیس کے مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ گرفتار اہلکاروں سے تفتیش کے دوران اہم دستاویزات اور سرکاری ریکارڈ کی چھان بین بھی کی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ معاملہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی ایک قیمتی جائیداد کی فروخت اور ملکیتی ریکارڈ میں مبینہ جعلسازی سے متعلق ہے ۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران مزید اہم انکشافات اور دیگر افراد کے خلاف کارروائی کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب حکام کی جانب سے تاحال گرفتاریوں یا الزامات کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم متعلقہ ادارے کیس کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات میں مصروف ہیں اور مزید پیش رفت متوقع ہے ۔قانونی ماہرین کے مطابق اگر الزامات ثابت ہو گئے تو اس کیس کے اثرات محکمہ مال کے دیگر معاملات پر بھی پڑ سکتے ہیں، جبکہ عوامی حلقوں نے شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔