حبیب یونیورسٹی کانووکیشن، 276طلبہ میں ڈگریاں تقسیم
چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے باصلاحیت نوجوانوں کی ضرورت ہے ، گورنر نہال ہاشمی ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ، واصف رضوی
کراچی(سٹی ڈیسک)حبیب یونیورسٹی کے نویں کانووکیشن میں 276 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں اور اسناد تفویض کی گئیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ نہال ہاشمی تھے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور حبیب یونیورسٹی کے صدر واصف رضوی بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ملک کو ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی ضرورت ہے جو پاکستان کو درپیش چیلنجوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ جہاں بھی جائیں اپنی جامعہ، والدین اور ملک کا نام روشن کریں۔نوجوانوں کی صلاحیتیں قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانی چاہئیں۔حبیب یونیورسٹی کے صدر واصف رضوی نے کہا کہ ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اس مقصد کے حصول کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ جدید اور معیاری تعلیم ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ ،گورنر اسٹیٹ بینکاور حبیب یونیورسٹی کے صدر نے 276 طلبہ و طالبات میں ڈگریاں اور اسناد تقسیم کیں۔