غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سیو ہل پارک واک

غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سیو ہل پارک واک

کسی صورت پارکوں کی زمینوں پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے ،محمد فاروق قابض میئرکی سربراہی میں پارکوں پر لاڑکانہ کٹنگ کی جا رہی ہے ،رکن اسمبلی

کراچی (این این آئی)جماعت اسلامی کے تحت ہل پارک کی زمین پر مبینہ قبضے اور تعمیرات کے خلاف ’’سیو ہل پارک واک‘‘کا انعقاد کیا گیا۔ واک کا آغاز ہل پارک کے گیٹ نمبر 3 سے ہوا اور اس میں اہلِ علاقہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں، نوجوانوں، بزرگوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک کی قیادت سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر محمد فاروق نے کی جبکہ امیر ضلع قائدین انجینئر عبدالعزیز، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر تیمور احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔واک کے شرکاء نے ہل پارک کی اراضی پر مبینہ قبضے اور تعمیراتی سرگرمیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ پارک کی زمین کو فوری طور پر واگزار کرا کے شہریوں کے لیے محفوظ بنایا جائے ۔محمد فاروق نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کسی صورت ہل پارک سمیت کراچی کے پارکوں کی زمینوں پر قبضہ برداشت نہیں کرے گی۔ 62 ایکڑ پر مشتمل ہل پارک بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ملکیت ہے ۔ پیپلز پارٹی کے قابض میئرنے شہر کے پارکوں کو نجی اداروں اور مفادات کے حوالے کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ ماضی میں کراچی میں چائنا کٹنگ کے ذریعے زمینوں پر قبضے کیے گئے تھے اور اب شہر کے پارکوں پر لاڑکانہ کٹنگ کی جا رہی ہے ۔مرتضیٰ وہاب ایک قابض میئر ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ کراچی کے عوام ان سے شہری املاک پر قبضوں کا حساب لیں۔ انجینئر عبدالعزیز نے کہا کہ اہلِ علاقہ  پرامن درخواست کے ساتھ میدان میں نکلے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں