ویمن یونیورسٹی میں طالبات کے سائنسی پراجیکٹس کی نمائش

ویمن یونیورسٹی میں طالبات کے سائنسی پراجیکٹس کی نمائش

تحقیق اور اختراعی سوچ ترقی یافتہ معاشروں کی بنیاد، وائس چانسلر

ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ نباتیات میں طالبات کے تیار کردہ سائنسی پراجیکٹس، ماڈلز اور تحقیقی منصوبوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے متی تل کیمپس میں قائم باٹنی سٹوڈیو کا دورہ کیا اور طالبات کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں، تحقیقی مہارت اور سائنسی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کاوشیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ویمن یونیورسٹی ملتان جدید تحقیق اور معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیش کئے گئے ماڈلز اور تحقیقی کام طالبات کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی مؤثر رہنمائی کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔

ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ سائنسی تحقیق، اختراعی سوچ اور عملی تجربات ترقی یافتہ معاشروں کی بنیاد ہوتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نوجوان نسل کو تحقیق کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ شعبہ نباتیات کا تعلق ماحولیات، زرعی ترقی اور قدرتی وسائل کے تحفظ سے ہے ، اس لئے طالبات کو تحقیق، مشاہدے اور عملی تجربات کے ذریعے علم کی نئی جہتیں دریافت کرنی چاہئیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ یونیورسٹی طالبات کو جدید لیبارٹری سہولیات اور تحقیق پر مبنی تعلیم کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں