ہیٹ ویوز سے نمٹنے کیلئے شجرکاری کی جائے ،الطاف شکور

 ہیٹ ویوز سے نمٹنے کیلئے شجرکاری کی جائے ،الطاف شکور

درخت کاٹنے کو قابل سزا جرم قرار،شہر کا 10 فیصد حصہ گرین ہونا چاہیےشہر کنکریٹ سے نہیں سبزے سے خوبصورت لگتے ہیں،چیئرمین پاسبان

کراچی(این این آئی)چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکورنے کہا ہے کہ کراچی میں بڑھتی گرمی اور بار بار آنے والی شدید ہیٹ ویوز اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ شہر کو فوری طور پر زیادہ درختوں اور سبزہ زاروں کی ضرورت ہے ۔ اسٹیئرنگ کمیٹی میٹنگ میں چیئرمین پی ڈی پی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے باعث کراچی کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے جس سے مجموعی معیارِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں، اگرچہ عالمی موسمیاتی تبدیلی ایک اہم عوامل ہے ، تاہم مقامی سطح پر سبزے کی کمی، ماحولیاتی آلودگی اور بے ہنگم شہری ترقی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے ۔ ہر سال موسمِ گرما میں لاکھوں شہری شدید گرمی کی لپیٹ میں آتے ہیں ،کراچی میں بڑے پارکس اور روایتی جنگلات کیلئے جگہ محدود ہونے کے باوجود شہری جنگلات کے قیام کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ لیاری اور ملیر ندیوں کے کناروں پر مقامی درختوں کی بڑے پیمانے پر شجرکاری کرکے طویل سبز راہداریاں قائم کی جا سکتی ہیں جو نہ صرف درجہ حرارت کم کریں گی بلکہ فضائی آلودگی میں کمی اور شہریوں کیلئے تفریحی مقامات کی فراہمی میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے ایکو سسٹم میں قدرتی شجر کاری کو مناسب جگہ دی جائے ۔ شہر کنکریٹ سے نہیں سبزے سے خوبصورت لگتے ہیں، کراچی کا دس فیصد حصہ گرین ہونا چاہیے ۔ درخت کاٹنے کو قابل سزا جرم قرار دیا جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں