پابندی کے باوجود موٹرسائیکل ریڑھیوں کی بھر مار، شہر میں ٹریفک جام معمول
لائوڈ سپیکر کے ذریعے سبزی اور پھل فروخت ‘اہم شاہراہوں پر خریداروں کے ہجوم کے با عث مشکلات‘ حادثات بھی رونما ہونے لگے‘ پابندی پر عملدرآمد کیلئے چند روزہ سرگرمیوں کے بعد انتظامیہ خاموش
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)شہرکی سڑکوں پر ٹریفک رش کو کنٹرول کرنے کیلئے موٹر سائیکل ریڑھیوں پر پابندی ہوا میں اڑا دی گئی،موٹرسائیکل ریڑھی رکشہ سڑکوں پر سرعام لائوڈ سپیکر لگا کر سبزی اور پھل فروخت کرتے ہیں جہاں یہ کھڑے ہوتے ہیں وہاں ٹریفک بلاک ہوجاتی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر 5 ہزار سے زائدموٹر سائیکل ریڑھیاں چلنے کا انکشاف ہوا ہے ،موٹر سائیکل ریڑھی بانوں نے لائوڈ سپیکرزبھی لگائے ہوتے ہیں جو گلی محلوں اور شاہراہوں پر سبزی پھل فروخت کرتے ہیں جس سے شہریوں کو پریشانی ہوتی ہے ، جہاں یہ ریڑھی کھڑی ہوتی ہے تو لوگ جب خریداری کرتے ہیں تو ٹریفک جام ہوجاتا ہے ،حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔موٹر سائیکل ریڑھی رجسٹرڈ بھی نہیں ہوتی جس سے محکمہ کو نقصان بھی ہوتا ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے پنجاب حکومت کی ہدایت پر جی ٹی روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر موٹرسائیکل ریڑھی کے استعمال پر پابندی بھی عائد کی تھی جس پر چند روز عملدر آمد کر ایا گیا لیکن اب پھر سے سڑکوں پر موٹر سائیکل ریڑھی رکشہ چلتے نظر آتے ہیں۔