حکمران طبقہ دعووں سے کام چلا رہا ہے ،شاداب رضا
پاکستان سے وفا کرنے والوں کو ملک کی ترقی وخوشحالی کو یقینی بنانا ہوگاسیاست اور جمہوریت محبت عام کرنے کا پیغام دیتی ہے ،سربراہ سنی تحریک
کراچی (این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ پاکستان سے وفا کرنیوالوں کو ملک کی ترقی وخوشحالی کو یقینی بنانا ہوگا،ملک معاشی واقتصادی طور پر بہت نازک دور سے گذر رہا ہے حکمران طبقہ دعوؤں سے کام چلا رہا ہے ،ملک کی ترقی کا پہیہ رک گیا ہے ، مہنگائی پر مہنگائی کرنے کے علاوہ حکمرانوں کے پاس کوئی کام نہیں ہے ،جناح کے پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی طرف لیجانا ہے تو ملک سے بیرونی مداخلت کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت کے فیصلے بیرونی قوتیں کرتی ہیں ،بجٹ جھوٹ کا پلندہ الفاظوں کا ہیر پھیر ہونے کی بجائے غریب کو ریلیف دینے کی حقیقی تصویر ہونا چاہیے ،ملک میں تعلیم نہیں اچھے اسکول نہیں صحت کا بہتر انتظام نہیں غریب کے پاس دو وقت کا کھانہ نہیں ہے ،ملک میں معاشی وسیاسی عدم استحکام کے ذمہ دار سیاستدان ہیں ، سیاستدانوں کو سوچنا چاہیے ملک میں سیاسی ومعاشی عدم استحکام آخرکیوں ہے ،ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے تو ملک سے وفا کرنیوالوں کو ایوانوں میں لانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ غریب معاشی طور پر پریشان حال ہیں عدل وانصاف نظر نہیں آتا ایسی صورتحال میں ملک بنانے والوں کی اولادوں کے دل تکلیف میں ہیں اور ملک کیلئے پریشان ہیں ، ملک سے وفا کا تقاضہ ہے کہ ملک کی سلامتی پائیدار امن اور معاشی استحکام کیلئے کام کیا جائے ،پاکستان ہماری شان پہچان اور آن ہے مرتو سکتے ہیں پر اس کی سلامتی پر کسی طور بھی آنچ آنے نہیں دینگے ،ہمارے اکابرین نے ہمیں ملک سے وفا کی گھٹی پلائی ہے سیاست اور جمہوریت بلاتفریق رنگ ونسل حقو ق فراہم کرنے نفرتوں کو ختم اور محبتوں کو عام کرنے کا پیغام دیتی ہے ۔