ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اوور ہیڈ برج کی فوری تعمیر کا مطالبہ
ہر بار پھاٹک بند ہونے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں ، لو گوں کو مشکلات
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)عوامی حلقوں کی جانب سے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اوور ہیڈ برج کی فوری تعمیر کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ پنجاب کا وہ واحد شہر ہے جس کے ایک طرف موٹروے ایم 3 اور دوسری طرف موٹروے ایم 4 گزرتی ہے ۔ اس اہم جغرافیائی حیثیت کے باعث شہر کے اندر ٹریفک کا نظام شدید مسائل کا شکار ہے ۔شہر میں صرف ایک ریلوے پھاٹک موجود ہے جو دن میں اوسطاً 20 سے 25 مرتبہ بند ہوتا ہے ۔ ہر بار پھاٹک بند ہونے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں جو کئی کلومیٹر تک پھیل جاتی ہیں، جس کے باعث شہریوں اور موٹرویز کے دونوں اطراف سے آنے والے مسافروں کو شدید ذہنی و جسمانی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں کے مطابق بعض اوقات ایک ٹرین کے گزرنے کے بعد ٹریفک بحال ہونے میں آدھا گھنٹہ تک لگ جاتا ہے ۔ یہ صورتحال صرف تکلیف دہ ہی نہیں بلکہ خطرناک بھی ہے ، کیونکہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو بروقت اسپتال پہنچانا مشکل ہو جاتا ہے ، جبکہ طلبہ، ملازمین اور کاروباری افراد بھی شدید متاثر ہوتے ہیں۔مزید یہ کہ گاڑیوں کے طویل وقت تک کھڑے رہنے سے ایندھن کا ضیاع اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے ، جو ماحول پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے ۔اس وقت دونوں موٹرویز کے درمیان مرکزی سڑک کو ڈبل کرنے کا منصوبہ بھی جاری ہے ۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اسی منصوبے کے ساتھ ریلوے پھاٹک پر اوور ہیڈ برج کی تعمیر کو بھی شامل کیا جائے تاکہ دیرینہ ٹریفک مسائل کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے ۔