حضرت عثمان غنیؓ کی سیرت روشن مثال :حافظ ثاقب سرور

حضرت عثمان غنیؓ کی سیرت روشن مثال :حافظ ثاقب سرور

صحابہ کرام اور اہل بیت اطہارؓ کی عزت و احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع جھنگ کے امیر اور ممبر امن کمیٹی جھنگ حافظ ثاقب سرور ساقی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے اسلام کی سربلندی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے بے لوث سخاوت کے ذریعے دین اسلام کی خدمت کی روشن مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ امت مسلمہ کے عظیم سخی، باحیا اور نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دوہرے داماد تھے ۔ آپؓ نے مختلف مواقع پر اپنا مال اللہ کی راہ میں فراخ دلی سے خرچ کیا اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے ۔

حافظ ثاقب سرور ساقی کے مطابق حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے مسجد نبوی کی توسیع سمیت مختلف فلاحی امور کے لیے دل کھول کر مالی تعاون کیا، اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے متعدد مواقع پر آپؓ کو جنت کی بشارت عطا فرمائی۔انہوں نے مزید کہا کہ صحابہ کرام اور اہل بیت اطہارؓ کی عزت و احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ محرم الحرام قریب آرہا ہے ، اور مرکزی جمعیت اہلحدیث ہمیشہ سے ضلع جھنگ میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ جھنگ میں امن و امان کے قیام کے لیے ہم سب سے آگے رہیں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے بابائے تبلیغ حافظ عبدالعلیم یزدانی کی دینی و تبلیغی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں