محرم کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرائینگے : ڈی سی ننکانہ

محرم کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرائینگے : ڈی سی ننکانہ

ارسلان زاہد کی زیر صدارت اجلاس ، سکیورٹی امور اور دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ

 ننکانہ صاحب(خبر نگار ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر رائو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ کا اہم اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سفیان دلاور، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ڈاکٹر ندا اقبال ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام کنٹی جنسی پلان، سکیورٹی امور اور دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس سے ڈپٹی کمشنر نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ محرم الحرام سے قبل متعلقہ محکمے آپس میں با ہمی کوآرڈینیشن کرکے تمام انتظامات کو بروقت مکمل کرلیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو جلوسوں اور مجالس کے راستوں میں صفائی ستھرائی، نالیوں کی ڈی سلٹنگ، روشنی، سبیلوں کے مناسب انتظامات، جلوسوں کے راستوں کی ٹیکنیکل سوئپنگ، ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ہسپتالوں اور جلوسوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف کی تعیناتی اور دیگر ضروری اقدامات بر وقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں