حکومت عوامی امنگوں کا ترجمان بجٹ پیش کرے :جمعیت اہل حدیث

حکومت عوامی امنگوں کا ترجمان بجٹ پیش کرے :جمعیت اہل حدیث

ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں پچاس ، پچاس فیصد اضافہ کیا جائے :ہشام الٰہی ظہیر

لاہور(سیاسی نمائندہ)صدر جمعیت اہل حدیث پاکستان ڈاکٹر علامہ حافظ ہشام الٰہی ظہیر نے وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک اس وقت مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات جیسے سنگین چیلنجز سے دوچار ہے ، لہٰذا حکومت ایسا بجٹ پیش کرے جو حقیقی معنوں میں عوامی امنگوں کا ترجمان اور معاشی استحکام کا ضامن ہو۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم پچاس ، پچاس فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ کم اور متوسط آمدن رکھنے والے طبقات کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینا، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانا اور متوسط و کم آمدن طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا وقت کی اہم ضرورت اور حکومت کی اولین ترجیحات ہونی چاہئے ۔علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا کہ تعمیراتی اور پراپرٹی کا شعبہ 2018ء میں عمرانی حکومت میں ہی بدترین زوال کا شکار رہا اور ابتک ہے ، اس لیے اس شعبے پر عائد غیر ضروری اور بے جا ٹیکسوں کا فی الفور خاتمہ کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ، مزدور، کسان، چھوٹے تاجر اور نوجوان خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں