سیف سٹی پراجیکٹ ،ٹوبہ میں 170 جدید کیمرے نصب
140 کیمرے فعال ہو چکے ،عوامی مقامات کو مانیٹر کیا جا رہا : فرحان ظفر
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر نگرانی کے نظام کو فروغ دینے کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت ضلع بھر میں مجموعی طور پر 170 جدید ہائی ریزولوشن کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 140 کیمرے فعال ہو چکے ہیں جبکہ باقی 30 کیمروں کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔منیجر سیف سٹی اتھارٹی ٹوبہ فرحان ظفر نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے اہم چوکوں، داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات کو کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جا رہا ہے ، جس سے جرائم کی روک تھام اور مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی میں مدد مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی سرپرستی اور ایم ڈی سیف سٹی پنجاب احسن یونس کی رہنمائی کے باعث سیف سٹی منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ پنجاب حکومت کا وژن صرف چند بڑے شہروں تک محدود نہیں بلکہ اب سیف سٹیز کے تصور کو وسعت دیتے ہوئے ‘‘سیف پروونس’’ کی جانب پیش رفت کی جا رہی ہے تاکہ صوبے کے ہر شہری کو محفوظ اور پُرامن ماحول میسر آ سکے ۔فرحان ظفر نے مزید بتایا کہ آئندہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا جا رہا ہے ۔ جلوسوں اور مجالس کے راستوں سمیت حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے گی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان کا نظام جلد شروع کیا جا رہا ہے ۔