یونین کونسل 170 میں صفائی کی ابتر صورتحال،شہری پریشان
صفائی ستھرائی کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود علاقے میں صورتحال خراب
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا) یونین کونسل 170 چک 61 ج۔ب دھروڑ میں ستھرا پنجاب ایجنسی کی ٹیموں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث علاقہ کچرا کنڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے قریب قائم کچرا سٹینڈ عرصہ دراز سے کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صفائی ستھرائی کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود علاقے میں صورتحال انتہائی ابتر ہے ، جبکہ کچرے سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن نے قریبی آبادی اور اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گندگی کے باعث مختلف وبائی اور موسمی امراض پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ، جس سے بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مقامی افراد نے الزام عائد کیا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی کی ٹیمیں علاقے میں باقاعدگی سے صفائی کے فرائض انجام نہیں دے رہیں، جس کے باعث کچرا مسلسل جمع ہوتا جا رہا ہے ۔