فیسکو کی ریکوری مہم ، نادہندگان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

فیسکو کی ریکوری مہم ، نادہندگان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

نادہندہ صارفین کو واجبات کی ادائیگی کیلئے آخری نوٹسز جاری کیے جا رہے

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر محمد عامر نے فیسکو ریجن میں بجلی کے واجبات کی وصولی کے لیے جاری ریکوری مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ہر صورت واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے اور جون 2026 کے اختتام تک مقررہ ریکوری اہداف حاصل کیے جائیں۔انہوں نے تمام آپریشن سرکلوں، ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں کے افسران کو ہدایت کی کہ خصوصی ریکوری ٹیموں کی مدد سے مہم میں مزید تیزی لائی جائے ، گھر گھر چیکنگ کی جائے اور نادہندہ صارفین کو فوری ادائیگی کے لیے آمادہ کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔فیسکو ترجمان محمد سعید رضا کے مطابق چیف ایگزیکٹو کی ہدایت پر نادہندگان کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ایسے صارفین جن کے کنکشن عدم ادائیگی کی وجہ سے منقطع کیے جا چکے ہیں اور وہ کسی دوسرے ذریعے سے غیر قانونی طور پر بجلی حاصل کر رہے ہیں، ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور غیر قانونی سپلائی فوری طور پر منقطع کر دی جائے گی۔ترجمان نے بتایا کہ نادہندہ صارفین کو واجبات کی ادائیگی کے لیے آخری نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں