بورنگ مشین اور ٹرک میں تصادم، ایک شخص جاں بحق
ریسکیو 1122 نے لاش اور زخمی کو گاڑیوں سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا
گوجرہ (نمائندہ دنیا)ڈجکوٹ روڈ پر بورنگ مشین سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ ٹرک سڑک کنارے خراب حالت میں کھڑا تھا کہ پیچھے سے آنے والی بورنگ مشین اس سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 35 سالہ ظہیر احمد سکنہ چک نمبر 276 ر ب دونوں گاڑیوں کے درمیان پھنس گیا جبکہ چک نمبر 278 ج ب کا 40 سالہ محمد خلیل شدید زخمی ہو گیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دونوں کو گاڑیوں کی باڈی کاٹ کر باہر نکالا۔ تاہم ظہیر احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ شدید زخمی محمد خلیل کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔