ماس ٹرانزٹ کو ریڈورمیں 27 سٹیشن،9 انڈر پاسز،36 بسیں ، مارچ میں تکمیل

 ماس ٹرانزٹ کو ریڈورمیں 27 سٹیشن،9 انڈر پاسز،36 بسیں ، مارچ میں تکمیل

اڑھائی کلو میٹر طویل ٹنل بھی منصوبے کا حصہ ، 62ارب روپے لاگت آئیگی،تکمیل سے سفری مشکلات ، ٹریفک کے دباؤ اور ایندھن کے استعمال میں نمایاں کمی آئے گی:کمشنر کا خطاب

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے مارچ 2027 کی تاریخ مقرر کردی گئی ، منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو جدید، محفوظ، ماحول دوست اور تیز رفتار پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئیگی جس سے سفری مشکلات ، ٹریفک کے دباؤ اور ایندھن کے استعمال میں نمایاں کمی آئیگی۔ 31.5کلومیٹر طویل خصوصی کوریڈور پر مشتمل منصوبے میں 25جدید سٹیشن، 2زیرِ زمین سٹیشن، 2آپریشنل ڈپو، 9انڈر پاسز،2.4 کلومیٹر طویل زیرِ زمین ٹنل، 36الیکٹرک بسیں اور4ٹائر بیسڈ ٹرامز شامل ہیں،منصوبے پر تقریباً62ارب روپے لاگت آئیگی۔

اب تک 12کلومیٹر سب بیس اور 9 کلومیٹر بیس ورک مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ 25میں سے 17 سٹیشنوں پر تعمیراتی کام جاری ہے ۔ کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کے کام کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ مارچ 2027 تک مکمل کر لیا جائیگا۔کمشنر نے کہا کہ تعمیراتی مقامات پر مسلسل پانی کا چھڑکاؤ اور مؤثر گرد و غبار کنٹرول اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں