شرح سود برقرار رکھنا کاروبار کیلئے زہرِ قاتل :جماعت اسلامی
پالیسی ریٹ کو 9 فیصد تک لایا جائے :پروفیسر محبوب الزماں ،چودھری سلیم
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ اور سیکرٹری چودھری محمد سلیم نے سٹیٹ بینک کی طرف سے شرح سود برقرار رکھنے کے فیصلے کو ملکی معاشی سرگرمیوں کیلئے زہرِ قاتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری اور صنعتی حلقوں کو توقع تھی کہ شرح سود میں کمی کرکے اسے سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے گا، لیکن سٹیٹ بینک نے ایک بار پھر بزنس کمیونٹی کی امنگوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ کو 11.50 فیصد کی بلند سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کاروباری حلقوں کیلئے مایوس کن ہے اور اس سے معیشت کی بحالی کی امیدوں کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ معیشت کو سہارا دینے کے بجائے شرح سود کو برقرار رکھ کر کاروباری لاگت میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے ، جو کاروبار کی بقا کو خطرے میں ڈال سکتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پالیسی ریٹ کو 9 فیصد تک لایا جائے تاکہ سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو سکے ۔