عزاداری جلوسوں کے اوقات میں ہم آہنگی برقرار رکھی جائیگی

عزاداری جلوسوں کے اوقات میں ہم آہنگی برقرار رکھی جائیگی

ضابطہ اخلاق، سکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پاک آرمی کے کرنل حارث، اے ڈی سی جی رانا ابوبکر، ڈی ایس پی فضل قادر اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم عاشورہ بروز جمعہ المبارک کے موقع پر برآمد ہونے والے عزاداری جلوسوں کے روٹس، مساجد میں نماز جمعہ کے اوقات اور جلوسوں کی آمدورفت کے شیڈول کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ شرکاء نے باہمی اتفاق رائے سے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا جس کے تحت نماز جمعہ اور عزاداری جلوسوں کے اوقات میں مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی مقام پر انتظامی یا ٹریفک مسائل پیدا نہ ہوں۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا کی ضلعی امن کمیٹی بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی تعاون کی ایک مثالی روایت رکھتی ہے اور پورے پنجاب میں اس کی مثبت کارکردگی کو سراہا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور امن کمیٹی کے اراکین نے ہمیشہ امن و استحکام کے فروغ کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق، سکیورٹی پلان اور حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ نفرت انگیز تقاریر، اشتعال انگیز مواد، سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے اور لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ کسی بھی شرپسند عنصر کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے لیے سکیورٹی اور ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ پولیس، رضاکاروں، سول انتظامیہ، پاک آرمی اور رینجرز کے باہمی اشتراک سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے ۔ پہلی مرتبہ گھوڑا فورس کو بھی یکم تا 10 محرم شہر کے مختلف حساس علاقوں میں گشت اور سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں