کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت محرم کے سلسلہ میں اجلاس

کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت محرم کے سلسلہ میں اجلاس

میانوالی (نامہ نگار)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی اور ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلہ میں اعلیٰ سطح اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میانوالی میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی، ڈی پی او وقار عظیم کھرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کھوکھر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر میانوالی سلمان قیوم شیخ، اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خیل خلیل احمد، اے سی پپلاں ظفر اقبال ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کے علاوہ دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر نے عاشورہ محرم کے جلوسوں ومجالس کے انتظامی وسیکورٹی کے علاوہ محرم کنٹنجنسی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران عاشورہ محرم کے جلوسوں ومجالس کے راستوں پر تمام ضروری انتظامات کو بروقت مکمل کریں۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرصاحبان کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جلوس کے راستوں میں ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ کمشنر سرگودھا نے سی ای او ہیلتھ کو تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی میڈیسن، طبی سہولیات اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی موجودگی، سول ڈیفنس آفیسر کو جلوس مجالس کی ٹیکنیکل سوئیپنگ، ستھرا پنجاب، واسا اور ایم سی کے افسران کو صفائی ستھرائی جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کو ریسکیو 1122 کے عملہ کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ کنٹرول روم میں ذمہ دار افسر کو ڈیوٹی پر متعین کر کے عملہ کو چوبیس گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔

 اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے بروقت ریسپانس کے سلسلہ میں کنٹرول روم عملہ کیلئے موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا جائے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں ومجالس میں تعینات عملہ کو اپنے اپنے ادارے کے یونیفارم میں ڈیوٹی پر متعین کیا جائے ۔ ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے باہمی کوآرڈینیشن کے ساتھ ٹیم ورک کے طور پر خدمات سرانجام دیں اور امن وامان کے قیام کیلئے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔ انہوں نے انچارج سیف سٹی کو ہدایت کی کہ محرم کے دوران تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت کو یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی نے محرم الحرام کے کنٹنجنسی پلان جبکہ ڈی پی او وقار عظیم کھرل نے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں