حضرت عمر فاروقؓ کا طرزِ حکمرانی مشعلِ راہ :عبدالرشید حجازی
عمر فاروقؓ کی زندگی عدل، جرات، سادگی اور رعایا کی خدمت کا روشن نمونہ :خطاب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی نے شہادتِ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیرالم¶منین سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی دینی، ملی، سیاسی اور سماجی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور انہیں سنہری حروف میں لکھا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام ہمیں اس عظیم شخصیت کی یاد دلاتا ہے جس کے دورِ خلافت میں کمزور کو تحفظ اور مظلوم کو انصاف ملتا تھا۔ ہر طرف قانون کی بالادستی اور احتساب کا مضبوط نظام قائم تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمران دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو انہیں حضرت عمر فاروقؓ کے طرزِ حکمرانی کو اپنانا ہوگا۔ صحابہ کرامؓ انبیائے کرام علیہم السلام کے بعد افضل ترین جماعت ہیں اور ان میں سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا مقام انتہائی بلند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کی زندگی عدل، جرات، سادگی اور رعایا کی خدمت کا روشن نمونہ ہے انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ حضرت عمر فاروقؓ کے طرزِ حکمرانی کو اپناتے ہوئے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔