ویمن یونیورسٹی، پنجاب انسٹی ٹیوٹ کے درمیان ایم او یو پر دستخط
ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی ملتان اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے درمیان تحقیق، ذہنی صحت، تربیت اور سماجی فلاح و بہبود کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ۔
ترجمان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے ڈائریکٹر ریسرچ، ایڈمنسٹریشن اینڈ انگیجمنٹ ڈاکٹر نور الزمان رفیق نے دستخط کیے ۔ اس شراکت داری کا مقصد ذہنی صحت، کمیونٹی ویلفیئر اور سماجی ترقی سے متعلق مشترکہ تحقیقی منصوبوں، علمی تبادلوں، استعداد کار بڑھانے کے پروگراموں اور شواہد پر مبنی اقدامات کو فروغ دینا ہے ۔مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے مشترکہ تحقیقی اور عملی منصوبوں پر کام کریں گے۔ تاکہ معاشرے میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی، فلاحی سرگرمیوں اور سماجی بہبود کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔ اس سلسلے میں تربیتی پروگراموں اور تحقیقی سرگرمیوں کو جلد عملی شکل دی جائے گی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ موجودہ دور کے پیچیدہ سماجی اور نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے تعلیمی اداروں اور تحقیقی تنظیموں کے درمیان مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شراکت داریاں نہ صرف تحقیقی معیار میں بہتری لاتی ہیں بلکہ معاشرتی مسائل کے حل میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔