میٹرو منصوبے کے آغاز سے ٹریفک مسائل میں اضافہ، تجاوزات بھی جوں کی توں
جڑانوالہ روڈ پر ککوآنہ پل سے تھانہ صدر تک سڑک کے درمیان شٹرنگ ،دکانوں کے سامنے تجاوزات سے ٹریفک جام معمول مکوآنہ بائی پاس اور بجلی گھر کے قریب بڑی گاڑیوں کے داخلے کو محدود کرنے کیلئے بیریئرز نصب ،تجاوازت ختم کی جائیں :شہری
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )میٹرو منصوبے کے آغاز کے ساتھ ہی شہر میں ٹریفک مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ روڈ پر میٹرو منصوبے کے تحت ککوآنہ پل سے تھانہ صدر تک سڑک کے درمیان شٹرنگ کی گئی ہے ، جس کے باعث دونوں اطراف صرف ایک ایک لین ٹریفک کے لیے کھلی رکھی گئی ہے ۔ تاہم اطراف میں موجود دکانوں کے سامنے تجاوزات کا خاتمہ نہ ہونے سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مکوآنہ بائی پاس اور بجلی گھر کے قریب بڑی گاڑیوں کے داخلے کو محدود کرنے کے لیے بیریئرز بھی نصب کیے گئے ہیں، تاہم سڑک کی گنجائش پہلے ہی کم ہونے اور تجاوزات برقرار رہنے کے باعث صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے ۔شہریوں کے مطابق ککوآنہ پل سے تھانہ صدر تک کا علاقہ بالخصوص ڈھڈی والا، جلوی مارکیٹ اور آخری سٹاپ پر شام کے اوقات میں ریڑھی بان اور چھابڑی فروش سڑک پر قبضہ جما لیتے ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ میٹرو منصوبے کے دوران متبادل ٹریفک انتظامات کے ساتھ تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر تھا، تاہم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے م¶ثر کارروائی نہیں کر رہے ۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ جڑانوالہ روڈ پر قائم تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے اور شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے ۔