ایف ڈی اے :اوپن ڈور پالیسی، شہری مسائل کے حل کی ہدایت
ڈی جی کاتجاوزات، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چودھری نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور ان کی شکایات و مسائل تفصیل سے سنے ۔انہوں نے شہریوں کے مسائل کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر مختلف نوعیت کی درخواستیں وصول کی گئیں جن کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت اور شفاف حل ادارے کی اولین ترجیح ہے ۔ڈی جی ایف ڈی اے نے تجاوزات، قبضہ مافیا، غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی ہاؤسنگ کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانا اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر کارروائی مکمل کی جائے اور کسی بھی درخواست گزار کو غیر ضروری تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ایف ڈی اے میں سروسز کی فراہمی کو مزید مؤثر، شفاف اور شہری دوست بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں جن میں ڈیجیٹلائزیشن، مؤثر مانیٹرنگ اور جدید انتظامی طریقہ کار شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ادارے کو ایک جدید، شفاف اور جوابدہ ادارہ بنانا ہے تاکہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے ۔