دربارِ پیر سید قطب علی شاہ بخاریؒ پر بہشتی دروازے کی تقریب
سندیلیانوالی (سٹی رپورٹر)سندیلیانوالی میں دربارِ عالیہ پیر سید قطب علی شاہ بخاریؒ پر قدیمی سالانہ بہشتی دروازے کی تقریب کا آغاز ہو گیا۔
ہر سال کی طرح 6 اور 7 محرم الحرام کو کھولے جانے والے بہشتی دروازے کی قفل کشائی سجادہ نشین پیر سید محمد ابرار حسین شاہ بخاری نے کی، جبکہ اس موقع پر ان کے صاحبزادے پیر سید قطب علی شاہ المعروف پیر علی بابا بھی موجود تھے ۔تقریب میں ملک بھر سے آنے والے ہزاروں مریدین، عقیدت مندوں اور زائرین نے شرکت کی اور بہشتی دروازے سے گزر کر دربارِ عالیہ پر حاضری دی۔ڈی پی او ٹوبہ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایات پر تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ دربارِ عالیہ اور ملحقہ علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی سکیورٹی گیٹس نصب کرکے چیکنگ کا مؤثر نظام نافذ کیا گیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ اور تھانہ اروتی کی پولیس سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ تقریب کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جا سکے ۔